موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) اب موٹر سائیکل بھی لاکھوں روپے کی ہو گئی، ہنڈا کمپنی نے موٹرسائیکلوں کے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 20 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کبھی غریب کی سواری کہلانے والی موٹرسائیکل اب متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی دور ہو گئی ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں موٹرسائیکل بنانے والی تمام ہی آٹو کمپنیوں نے کئی مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا، جس کے باعث آج سے چند سال قبل تک چند ہزار روپے میں مل جانے والی موٹرسائیکلیں اب لاکھوں کی ہو گئی ہیں۔ جمعہ کے روز ہنڈا کمپنی کی جانب سے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔ ہنڈا کمپنی کے اعلامیہ کے مطابق موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں 3سے 20ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ہنڈا سی ڈی 70سی سی کی قیمت3ہزار روپے کے اضافے سے 1لاکھ 57ہزار 900 روپے، سی ڈی ڈریم 3ہزار روپے اضافے سے 1لاکھ 68ہزار 900روپے، پرائیڈر 100سی سی کی قیمت5ہزار روپے اضافے سے 2لاکھ 3ہزار 900 روپے تک پہنچ گئی۔ جبہ ہنڈا 125سی سی 5ہزار روپے اضافے سے 2لاکھ 34ہزار 500روپے، سی جی 125سپیشل 7ہزار روپے اضافے سے 2لاکھ 82ہزار 900 روپے اور سی بی 125ایف 10ہزار روپے اضافہ سے 3لاکھ 90ہزار 900 روپے کی ہو گئی۔ اس کے علاوہ 150سی سی ہنڈا بائیکس کی قیمت میں 20 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اس سے قبل ہنڈا اٹلس کمپنی نے اپریل کے ماہ میں بھی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔

اپریل میں کمپنی کی جانب سے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں 5 ہزار روپے سے 15 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔ اپریل کے ماہ میں ہنڈا سی ڈی 70 کی قیمت ایک لاکھ 54 ہزار 900 روپے، سی ڈی-70 ڈریم ایک لاکھ 65 ہزار 900 روپے، پرائڈر 2 لاکھ 3 ہزار 900 روپے، سی جی 125 کی قیمت 2 لاکھ 29 ہزار 900 روپے، سی جی 125 ایس کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار 900 روپے، سی بی 125 ایف کی قیمت 3 لاکھ 80 ہزار 900 روپے، سی بی 150 ایف کی قیمت 4 لاکھ 73 ہزار 900 روپے اور سی بی 150 ایف۔سلور کی قیمت 4 لاکھ 77 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی تھی، جبکہ اب ان قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close