ڈالر کی قدر میں کمی سے ملکی قرضوں میں کھربوں روپے کی کمی ہوگئی

کراچی (پی این آئی) امریکی ڈالر کی قدر دھڑام سے گر جانے کے بعد ملکی قرضوں میں کھربوں روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد ملک پر 1250 ارب روپے سے زائد کے غیر ملکی قرضوں کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے کے بعد معاشی غیر یقینی صورتحال کے بادل چھٹنے پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی۔فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق صبح کاروبار کے آغاز کے ساتھ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 15 روپے کم ہو کر 271 روپے کی سطح پر آگیا تھا جو تعطیلات سے قبل آخری روز 285.99 روپے پر بند ہوا تھا۔ اعداد وشمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 285 روپے 99 پیسے کی کمی کے بعد 275 روپے 44 پیسے ہو گئی ہے۔دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 10 روپے 55 پیسے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری طرف گزشتہ روز کی طرح اوپن مارکیٹ میں آج بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 5 روپے کی تنزلی دیکھی گئی اور قیمت 280 روپے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ڈالر کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں یورو، پاؤنڈ، درہم اور ریال کی قدر میں بھی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔ ریال کی قیمت میں 3.70 روپے کی کمی ہوئی اور ریال 71.70 روپے کا ہوگیا۔ درہم کی قیمت میں 6.30 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد درہم 72.70 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔اسی طرح پاؤنڈ کی قیمت میں 13 روپے کی کمی سے 355 روپے پر ٹریڈنگ جاری ہے۔ یورو کی قیمت میں 8 روپے کی کمی ہوئی، اور یہ 305 پر فروخت ہو رہا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فاریکس ایکسچینج ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما ملک بوستان نے کہا ہے کہ آج انٹر بینک میں روپے کی قدر میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے،روپے کی قدر میں اضافے نے ریکارڈ قائم کیا ہے، جو لوگ سوچ رہے تھے پاکستان ڈیفالٹ کرے گا، انہیں مایوسی ہوئی۔سٹیٹ بینک کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 3.83 فیصد کی بحالی دیکھی گئی ہے۔

اُدھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد ملک پر 1250 ارب روپے سے زائد کے غیر ملکی قرضوں کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نےسٹے بازوں کو کلین بولڈ کیا ہے، آنے والے وقت میں روپےکی قدر مزید بہتر ہوگی۔عالمی مالیاتی ادارے سے پیسے موصول ہونے کے بعد روپے کی قیمت 245 سے نیچے آ جائیگی۔ دوسری طرف طفر ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ظفر پراچہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بعد معیشت پر اچھا اثر آیا ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، اب امید ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری بھی آئے گی، سٹاک بھی بہتر ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close