لاہور ( پی این آئی ) حکومت نے تیل کی ذخیرہ اندوزی کیلئے نئی پالیسی لانے کا اعلان کردیا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کہتے ہیں کہ ملک میں تیل کی ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بانڈڈ اسٹوریج پالیسی لائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں تیل کی ذخیرہ اندوزی سے بچنے کے لیے بانڈڈ اسٹوریج پالیسی لا رہے ہیں کیوں کہ ہمارے ملک میں جب پیٹرول کی قیمت بڑھنے والی ہوتی ہے تو سب کو پتہ ہوتا ہے اور پھر ذخیرہ اندوز اس چیز کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور پیٹرول ذخیرہ کر لیتے ہیں لیکن ہم نے اس ذخیرہ اندوزی کا توڑ پیش کردیا ہے، ملکی ذخائر کی دریافت کیلیے نئی پالیسی کابینہ کو بھجوا رہے ہیں، اندرونی وسائل اور بیرونی تعاون سے پہلا وعدہ پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم نے کہا کہ بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کے نتیجے میں پاکستان میں تیل کی قلت نہیں ہو گی، اب دنیا کے بڑے بڑے ٹریڈرز بھی ملک میں تیل ذخیرہ کر سکیں گے، بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کی وجہ سے ملک میں مستقبل میں پیٹرول کی قلت جیسی صورت حال پیدا نہیں ہوگی، تیل کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف طریقہ کار لائے ہیں، پیٹرولیم کا جو لیگل کام کرتے ہیں وہ اپنا اسٹوریج بنا سکتے ہیں، لوکل ٹرانزیکشن کی وجہ سے ایل سی کے اضافی چارجز کا بوجھ بھی ختم ہوگیا، جب کمپنیاں آئیں گی رجسٹرڈ ہوں گی تو ایل سیز کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح معیشت کو مضبوط کرنا ہے، ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر تلاش کیے جا رہے ہیں، ان شاء اللہ ملک میں توانائی بھرپور طریقے سے آئے گی، ہم ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، گیس کے کنوؤں کا گردشی قرضہ صفر کر دیا ہے، جلد ایل این جی کا گردشی قرضہ بھی صفر کر دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں