آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو۔۔۔۔۔ اسحاق ڈار نے بڑ ا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے میں تاخیر پر جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق معاہدے کیلئے اقدامات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بارے میں ناانصافی پر مبنی عالمی سیاست ختم ہونا چاہیے۔

پاکستان کے ڈیفالٹ سے متعلق افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ بین الاقوامی سطح پر لوگ حیران ہیں، پاکستان مینج کیسے کر رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک عالمی ریٹنگ ایجنسی نے بھی ممکنہ ڈیفالٹ سے متعلق تبصرہ کیا ہے۔ پاکستان کو جون تک 3.7 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں۔ پاکستان تمام وعدے پورے اور بروقت ادائیگیاں کرے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 فروری کو تکنیکی مذاکرات ختم ہوگئے تھے۔ ایکسٹرنل اکانٹ سے متعلق گیپ کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدے کیلئے مزید وقت چاہتا ہے تو مزید وقت لے۔ مئی اور جون میں 3.7 ارب ڈالر کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مئی اور جون کے دوران ادائیگیوں کا انتظام کر لیا جائے گا۔ عالمی اداروں کو پاکستان سے متعلق ڈیفالٹ کی باتیں نہیں کرنا چاہیے۔ دوست ممالک کی جانب سے فنانسنگ کے وعدے کیے گئے جو جلد پورے ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں