پیٹرول کی قیمتوں میں 5فیصد کا اضافہ

ابو ظہبی (پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے اتوار کو مئی 2023 کے مہینے کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ کیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے پیداوار میں کمی کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

اپریل میں متحدہ عرب امارات، روس، الجزائر، قازقستان اور دیگر جی سی سی ممالک نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کیلئے یومیہ 1.64 ملین بیرل تیل کی پیداوار میں اچانک کمی کا اعلان کیا تھا۔خلیج ٹائمز کے مطابق مئی 2023 کے لیے سپر 98 پیٹرول کی قیمت 3.16 درہم فی لیٹر ہوگی، جو اپریل میں 3.01 درہم تھی ۔ اسی طرح سپیشل 95 پیٹرول کی قیمت 2.90 درہم سے 3.05 درہم فی لیٹر اور ای پلس کی قیمت 2.82 سے بڑھا کر 2.97 درہم فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ مئی کے مہینے کے لیے نظرثانی شدہ نرخ 2023 میں سب سے زیادہ ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے نقل و حمل کی لاگت بڑھے گی اور لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کا زیادہ استعمال کریں گے۔ دوسری جانب مئی کے لیے ڈیزل کی قیمتوں میں 12 فلس فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی قیمت 2.91 درہم فی لیٹر ہو گئی۔متحدہ عرب امارات نے 2015 سے ایندھن کی قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا اور انہیں عالمی تیل کی قیمتوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا ہے ۔ لہذا مقامی ایندھن کے خوردہ فروشوں پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے عالمی قیمتوں کے مطابق ہر ماہ کے آخر میں نرخوں پر نظر ثانی کی جاتی ہے۔

گزشتہ سال کے وسط میں پیٹرول کی قیمتیں اس وقت عروج پر تھیں جب یوکرین، روس جنگ کے بعد تیل کی عالمی قیمتیں 4.5 درہم فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھیں۔ اس سال پیٹرول کی مقامی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باوجود اب بھی 24 اپریل تک 4.87 درہم کی عالمی اوسط سے بہت سستی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں