کراچی (پی این آئی) پاکستان یارن مرچنٹس ایسو سی ایشن (پائما) کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے بجلی و گیس نرخوں میں بے انتہا اضافہ مسترد کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے کاروبار و صنعت کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان سے اپیل کی کہ ملک میں جاری سنگین معاشی بحران کے پیش نظر کاروبار کرنے اور پیداواری لاگت میں کمی کے اقدامات کیے جائیں اور بجلی، گیس کو مہنگی سے مہنگی تر کرنے کے بجائے نرخوں کو کم کیا جائے تاکہ کاروباری و پیدواری لاگت کوکم کیا جاسکے اور صنعتیں اپنی بقا قائم رکھ سکیں۔
پائما کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان سے اپیل میں کہا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور ڈالر کی قدر میں بے پناہ اضافے نے پہلے ہی خام مال کے درآمدکنندگان کے لیے مشکلات پیدا کی ہوئی ہے کیونکہ ڈالر کی عدم دستیابی کی وجہ سے بندرگاہوں پر درآمدی خام مال کے کنٹینز پھنس کر رہ گئے ہیں جس کی وجہ سے درآمدکنندگان کو بھاری ڈیمرج اور ڈیٹینشن کی مد میں خطیر نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے لہٰذا ایسی صورتحال میں بجلی و گیس نرخوں میں 400 فیصد سے زائد اضافہ کاروباری وپیداواری لاگت میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ کردے گا جس کے صنعتوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے اور ملکی برآمدات بھی بری طرح متاثر ہوں گی۔
انہوں نے حکومت سے اپیل میں کہا کہ کاروبار و صنعت کو تباہی سے بچانے اور ملکی معیشت کی دوباری بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں خاص طور پر یوٹیلیٹی چارجز میں کمی کی جائے بصورت دیگر کاروبار کرنا اور صنعتیں چلانا دشوار ہوجائے گا جس کے ملکی برآمدات پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے جبکہ لاکھوں ورکرز کا روزگار خطرے میں پڑ جائے گا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں