لاہور (پی این آئی) بلیک مارکیٹ میں اماراتی درہم 80 روپے کا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی کامران خان کی جانب سے نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ 3 کاروباری ایام میں انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی بے قدری کے باوجود بلیک مارکیٹ میں ڈالر، اماراتی درہم سمیت دیگر کرنسیوں کی قیمتیں اب بھی زیادہ ہیں۔
کامران خان کے مطابق بلیک مارکیٹ میں اماراتی درہم کی قیمت 80 روپے ہو چکی۔ بلیک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بھی 284 روپے پر پہنچ چکی۔ جبکہ فاریکس رپورٹ کے مطابق 3 کاروباری ایام میں انٹربینک میں ڈالر 38 روپے 74 پیسے مہنگا ہو چکا۔ پیر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 3 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 269 روپے 63 پیسے کا ہوگیا۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 4 روپے مہنگا ہونے سے 274 روپے کا ہوگیا ہے۔ پیر 30 جنوری کو انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قیمت 69.95، اماراتی درہم 71.49، کویتی دینار 860.06 ، عمانی ریال 682.08، بحرینی دینار 696.51 اور قطری ریال کی قدر 72.06 روپے رہی۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں سعودی ریال کی قیمت خرید 70.35 اور قیمت فروخت 71.05 روپے، اماراتی درہم کی قیمت خرید 73.3 اور قیمت فروخت 74 روپے رہی۔یہاں واضح رہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کی وجہ سے چند ہی دنوں میں ملکی قرضوں کے حجم میں ہزاروں ارب روپے کا اضافہ ہو چکا۔ گزشتہ ہفتے کے آخری 2 کاروباری ایام میں ملکی قرضہ 4 ہزار ارب روپے بڑھ گیا۔
گزشتہ ہفتے جمعرات اور جمعہ کو پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ریکارڈ ٹوٹ جانے سے قرضوں کے بوجھ میں 3950 ارب روپے یعنی تقریباً 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں