غریب عوام کے لیے بڑی خبر، پاکستان میں مہنگائی میں کمی اور کھانے پینے کی اشیاء سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد (آئی این پی )وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی جبکہ آنے والے مہینوں میں غذائی اشیا بھی سستی ہونے کا امکان ہے۔دستاویزات کے مطابق رواں ماہ مہنگائی کی شرح 23 سے25 فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے جو اکتوبر میں 26.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کی وجوہات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنا ،سپلائی لائن اور روپے کی قدر میں بہتری ہیں۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں برآمدات اور ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا جبکہ ترسیلات زر، درآمدات، سرمایہ کاری، ترقیاتی اخراجات میں کمی آئی۔وزارت خزانہ کے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت زرمبادلہ ذخائر 16.23 ارب ڈالر سے کم ہو کر 7.80 ارب ڈالر پرآگئے۔ جولائی تا ستمبر مالی خسارہ 85 فیصد اضافے سے 809 ارب روپے رہا۔رپورٹ کے مطابق زرعی قرضوں کی فراہمی میں 31.5 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک سال میں شرح سود 8.75 فیصد سے بڑھ کر 15 فیصد ہوگئی۔حکام کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 8.5 فیصد اضافہ ہوا، گذشتہ سال کے مقابلے میں 8 ہزار937 نئی کمپنیاں رجسٹرہوئیں، رپورٹ کے مطابق معاشی شرح نمو میں خدشات کے برعکس کم سست روی متوقع ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close