ملک بھر میں سبزی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، پیاز 300 روپے سے بھی زائد فی کلو پر فروخت ،ٹماٹر کی قیمت 250 سے 300 روپے فی کلو

اسلام آباد(آئی این پی)بارشوں اور سیلاب سے فصلوں کی تباہی کے بعد ملک بھر میں سبزی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔راستوں کی بندش کے باعث قیمتوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، ٹماٹر اور پیاز کے دام سب سے اوپر ہیں، راولپنڈی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں پیاز 300 روپے فی کلو سے بھی زائد پر فروخت ہو رہا ہے۔ٹماٹر کی قیمت 250 سے 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، آلو ایک سو بیس روپے تک بھی مل رہا ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس نے واہگہ کے راستے سبزیوں کی درآمد کی فوری اجازت کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے پیاز اور ٹماٹر کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اعلامیے کے مطابق وزارت قومی تحفظ خوراک و تحقیق نے پیاز اور ٹماٹر کے درآمدی پرمٹ 24 گھنٹوں میں جاری کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہیکہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے ایف بی آر کو تجویز ارسال کردی ہے جس میں پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس اور لیویز اگلے 90 دنوں کے لیے معاف کرنے کی تجویز شامل ہے۔اعلامیے کے مطابق درآمد کنندگان کو پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ ملک میں بدترین سیلاب کے بعد وفاقی حکومت نے ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزارت تجارت نے سمری بھی تیار کرلی ہے۔۔۔۔۔

close