عالمی منڈی سے اچھی خبر، خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگئی

نیویارک (پی این آئی) عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید سستا ہو گیا، برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 94 ڈالر جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 88 ڈالرز کی سطح تک آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ اب بھی برقرار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے، جس کے بعد برطانوی خام تیل 94.18 ڈالر فی بیرل اور امریکی خام تیل 88.34 ڈالر فی بیرل کا ہو گیا۔

 

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جی این این نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15روپے کمی کا امکان ہے۔اوگرا کی جانب سے حتمی سمری 13اگست کو وزارت خزانہ کو بھیجی جائے گی، جبکہ وزارت خزانہ سمری پر 15اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرے گی۔بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں پیٹرول 12 اور ڈیزل کی قیمت میں 15روپے کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث کی جانب سے کہا گیا کہ پورا احساس ہے کہ لوگ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہیں،عوام کو ہر ممکن حد تک ریلیف دیا جائے گا۔تیل کی عالمی قیمتوں میں متواتر کمی کا عوام کو اصل ریلیف ملے گا، عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاوٴ سے اوسط قیمت نکالنا پڑے گی۔ ایک اور خبر کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے ردوبدل کی تجویز زیر غور ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

 

اقدام کا مقصد عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد موسم کی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر ایک یا دو روز بعد تبدیل ہوں گی۔ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈالر سستا یا مہنگا ہونے کی صورت میں ایک دو روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں