چینی کی فی کلو قیمت میں مزید کمی کی خوشخبری سنا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت 85 روپے تک آجائے گی، پورے ملک میں چینی90 اور بیس کلو آٹے کی قیمت 1100 روپے ہے، مہنگائی میں 0.48 فیصد ہفتہ وار کمی آئی ہے۔انہوں نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ سیالکوٹ واقعے کی پورا پاکستان مذمت کررہا ہے، ماضی میں جو اقدامات نہیں اٹھائے گئے اب انشاء اللہ سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ای وی ایم پر مشاورت ہوئی، الیکشن کمیشن نے کمیٹیاں بنائی ہیں، الیکشن کمیشن پہلے تسلی کرے، الیکشن کمیشن اور اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ پہلے نظام کو سمجھیں، لیکن اگر نظام کو سمجھنے کے بغیر تنقید کریں تو سمجھ سے باہر ہے، وہاں پر پھر اعتراض اٹھتا ہے،بہترین طریقہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ 27شرائط کے مطابق ای وی ایم کو ٹینڈر کریں، دنیا میں مینوفیکچرنگ ای وی ایم لے کر آجائیں گے او ر آپ ان ای وی ایم پر عملدرآمد کروا دیں گے۔ای وی ایم لانے کا مقصد الیکشن کو صاف شفاف بنانا ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اوورسیز کے حوالے سے ایک مہم چلائی ہے، جو لوگ باہر ہیں ان کی فیملی تو پاکستان میں ہے۔ تحریک انصاف پر ذمہ داری ہے کہ جو پاکستانی بیرون ملک ہے، ان کو حقوق دیں گے۔اس وقت نوازشریف کی ساری فیملی بیرون ملک پاکستانی ہے، حسن اور حسین نوازبھی بیرون ملک ہیں، لیکن انہوں نے پاسپورٹ پھاڑ کر پھینک دیا ہے، ہم ان کو بھی حقوق دینا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو تو ساری زندگی بیرون ملک رہے ہیں، لیکن ہمیں ان کی سمجھ نہیں آتی۔ پی ٹی آئی حکومت منشور کے مطابق اوورسیز کو ووٹنگ کا حق دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جو سسٹم ہے پی ٹی آئی حکومت اس کو مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا، مسلسل دوسرا ہفتہ ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے جا رہی ہیں۔حکومت پر چیز پر سبسڈی نہیں دے سکتی ، جنوری سے راشن پروگرام شروع کررہے ہیں، پروگرام کے تحت 2کروڑ لوگوں کو 2018سے بھی کم قیمت پر آٹا مل رہا ہے۔ ہفتہ وارمہنگائی میں 0.48 فیصدکمی آئی، ہماری نشاندہی کے بعد کراچی، حیدرآباد میں بھی قیمتیں مستحکم ہوئی ہیں۔ کراچی اور اسلام آباد کے سوا پورے ملک میں چینی 90 روپے کی ہے، کراچی اور اسلام آباد میں چینی97 روپے میں مل رہی ہے، امید ہے آئندہ چند دنوں میں چینی کی قیمت میں مزید کمی ہوجائے گی، آئندہ دنوں میں چینی کی قیمت 85 روپے تک آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ پورے ملک میں 20 کلو آٹا 1100روپے کا ہے، کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1400روپے کا مل رہا ہے، حیدرآباد میں20 کلوآٹا 1316 روپے کا ہے، کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1456 روپے کا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close