پشاور (پی این آئی) وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئندہ چار ماہ میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی کم ہوجائے گی، مہنگائی صرف ڈالر مہنگا ہونے سے نہیں ہوئی، چودھری سرور کوئی اکانومسٹ نہیں وہ کہہ سکتے ہیں، آئی ایم ایف کی اسٹمپ لگتی ہے تو دوسرے بینک بھی قرضہ دینے لگتے ہیں۔
انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری سرور کے آئی ایم ایف سے متعلق بیان پر کہا کہ چوہدری سرور آئی ایم ایف سے متعلق بات کرسکتے ہیں کیونکہ وہ کوئی اکانومسٹ نہیں ہیں، لیکن جب آئی ایم ایف کی اسٹمپ لگتی ہے تو دوسرے بینک بھی قرضہ دینے لگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی صرف روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر مہنگا ہونے سے نہیں ہوئی ہے۔آئندہ تین چارماہ میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی تو مہنگائی بھی کم ہو جائے گی۔شوکت ترین نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو عمران خان نے سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور قطر کے دورے کیے، عمران خان نے یہ بات کی تھی کہ کبھی کسی سے نہیں مانگوں گا لیکن قرض مانگنا پڑا کیونکہ پچھلے قرض دینے کیلئے 28 ارب ڈالر چاہیے تھے، پچھلے قرضوں کی قسطیں دینے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔
مشیر خزانہ شوکت ترین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خیبر پختونخواہ سے سینیٹ کا الیکشن لڑ رہا ہوں کیونکہ خیبرپختونخوا میں میرا سسرال ہے۔ کراچی میں میرا ووٹ رجسٹرڈ نہیں تھا، میرا ووٹ پہلے لاہور میں تھا، اب میرا شناختی کارڈ مردان کا ہے اس لیے ووٹ بھی یہیں پر رجسٹرڈ ہے۔ شوکت ترین نے کہا کہ سینیٹر منتخب ہوا تو خیبرپختونخواہ کی پہلے کی طرح کی خدمت کروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں