امریکی کرنسی اوپر ہی اوپر جانے لگی، انٹربینک میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا

کراچی (پی این آئی ) انٹر بینک میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں55 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 158.37 سے بڑھ کر 158.92 روپے پر بند ہوا ہے۔دوسری جانب پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل مارکیٹ میں مزید ایک ارب ڈالر کے بانڈز جاری کردیے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے حکام کاکہنا ہے کہ پاکستان کو تین ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہوئیں تھیں۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پانچ، 10 اور 30 سال کے لیے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایک ارب ڈالر کے مزید بانڈز جاری کردیے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے پانچ سال کے لیے 5.87 فیصد پر 30کروڑ ڈالر، دس سال کی مدت کے لیے7.12 فیصد پر40 کروڑ ڈالر کے بانڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ 30 سال کی مدت کے لیے8.45 فیصد پر 30 کروڑ ڈالر کے بانڈز جاری کیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close