صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کا ہوشربا اضافہ

کراچی (پی این آئی) کراچی کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 6 روپے سے زائد کا ہوشربا اضافہ ہونے کا امکان، کے الیکٹرک نے نیپرا سے بجلی 6 روپے 31 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کر دی، فیصلہ 15 جون کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کے لئے ایک بری خبر ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے شہری بجلی کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی درخواست کردی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے نیپرا سے بجلی 6 روپے 31 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔کے الیکٹرک نے نیپرا سے درخواست کی ہے کہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 5 روپے 95 پیسے، سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی 36 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے۔ نیپرا کے الیکٹرک کی درخواستوں پر 15 جون کو سماعت کرے گا۔کے الیکٹرک نے جنوری تا مارچ 2021 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کیلئے بجلی 5 روپے 95 پیسے، جنوری تا مارچ 2021 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 36 پیسے، جنوری 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپے 97 پیسے، فروری2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 49 پیسے، مارچ 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 49 پیسے اضافے کی درخواست کی ہے، جب کہ اپریل 2021 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 86 پیسے کمی کی استدعا کی گئی ہے۔دوسری جانب کراچی کے شہریوں کو لوڈ شیڈنگ سے بچانے کیلئے کے الیکٹرک کو وفاقی حکومت کی جانب سے 200 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہم کر دی گئی ۔ جمعرات کو وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے بتایاکہ کراچی الیکٹرک کو وفاقی حکومت کی طرف سے پہلے 350میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جارہی تھی۔ حماد اظہر نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دینے کے لیے اس مقدار میں مزید 200 میگا واٹ کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں