حکومت کا ہزاروں ارب روپے کا قرضہ واپس کرنے کا دعویٰ جھوٹ نکلا؟ حکومت نے ابھی تک ایک روپیہ بھی واپس نہیں کیا، ن لیگ ہوشربا تفصیلات سامنے لے آئی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک روپیہ قرض واپس نہیں کیا، 13ہزار ارب قرض بڑھادیا، قرض 25 ہزار ارب سے بڑھ کر 38ہزار ارب ہوچکا ہے، رواں سال بجٹ خسارہ 4ہزار ارب ہوجائے گا،عمران خان کی موجودگی میں پاکستانی معیشت آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ ن لیگی رہنماؤں احسن اقبال اور مفتاح اسماعیل مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے، مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قوم سکول، ہسپتال اور سڑکوں سے بنتی ہیں، جب نوازشریف تھے تو لوگوں کو روزگار ملتا تھا، شفاء اور تعلیم ملتی تھی، عمران خان کہتے ہیں نوازشریف کے قرضے اتارنے کیلئے قرض لیا ہے میں ڈبیٹ کرنے کو تیار ہوں کہ عمران خان کی حکومت نے 13ہزار ارب قرض بڑھایا ہے، عمران خان کی حکومت نے ایک روپیہ قرض واپس نہیں کیا، 25ہزار ارب مسلم لیگ ن قرض چھوڑ کرگئی تھی آج 38ہزار ارب قرض ہوچکا ہے۔پیپلزپارٹی جب چھوڑ کرگئی تھی تو 14ہزار ارب قرض تھا، ٹیکس 19سو ارب ملتے تھے، ہم نے ٹیکس کو دوگنا کیا، اور قرضہ ڈبل نہیں کیا ، عمران خان کو ہم ترقی یافتہ پاکستان دیا تھا، پاکستان کو 5.5فیصد گروتھ اور 3.3فیصد مہنگائی کی شرح پر چھوڑ گئے تھے۔ ہمارے پانچ سالوں میں بجٹ خسارہ 1600ارب تھا، عمران خان کے تین سالوں میں بجٹ خسارہ 32 سو ارب ہے ، اس سال بجٹ خسارہ 4 ہزار ارب ہوجائے گا۔یومیہ 150ارب خسارہ ہے۔ عمران خان نے پاکستان کو جتنا مقروض کردیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔پاکستانیوں کو مقروض کردیا، 50لاکھ لوگوں کوبے روزگار اور مہنگائی میں دھکیل دیا۔ جب تک عمران خان حکومت میں بیٹھا رہے گا ، پاکستانی معیشت آگے نہیں بڑھ سکے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکامی کی بڑی وجہ وسائل پیدا نہیں کیے۔ 50فیصد ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگایا، ساڑھے 600 ارب کے بجٹ میں سوا300ارب بھی خرچ نہیں کرسکے۔سب سے بڑا حملہ ہائر ایجوکیشن پر کیا ہے، ہائرایجوکیشن بدترین مالی بحران سے دوچار ہے۔یونیورسٹی نیٹ ورک کو روک دیا گیا۔ ادویات میں ٹیکے لگائے، چینی اور آٹا مافیا پھر رہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا پاکستان میں کرپشن کم ہوئی ہے۔ موجودہ حکومت میں ہم کرپشن کے حوالے سے دنیا بھر میں رسوا ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں