انڈوں، کیلے، لہسن اور گوشت سمیت 11 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، گزشتہ ایک ہفتے میں ٹماٹر، آلو، پیاز، چکن سمیت 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات

اسلام آباد(آئی این پی)ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار اعدادو شمار جاری کردیے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح میں 0.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں کمی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہوئی اور ٹماٹر،آلو،پیاز،چکن سمیت

10اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 15 روپے 27 پیسے کمی آئی جبکہ پیاز 6 روپے 27 پیسے فی کلو اور چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 44 پیسے کمی ہوئی۔ ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 4 روپے 73 پیسے، گندم کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 2 روپے، چنے کی دال ایک روپے اور دال ماش ایک روپیہ 8پیسے سستی ہوئی۔ادارہ شماریات کے مطابق کیلے،انڈوں،لہسن اور گوشت سمیت 11اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران کیلے کی فی درجن قیمت میں ایک روپیہ 15 پیسے، انڈے کی فی درجن اوسط قیمت میں ایک روپے 82 پیسے اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوا۔جبکہ مٹن،بیف، تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول، گھی، چائے، نمک، مرچ سمیت 30اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close