آل پاکستان انجمن تاجران نے یوٹیلٹی بلز میں رعایت کا مطالبہ کر دیا، بڑی صنعتوں کی طرح تاجروں سے بھی حکومت نرم رویہ اختیار کرے

لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت پالیسیوں کی تشکیل میں صرف بڑی انڈسٹری اور ایکسپورٹرز پر توجہ مرکوز رکھتی ہے جبکہ چھوٹے تاجروں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے ،پہلے ہی یوٹیلٹی بلز میں ٹیکسز کی بھرمار ہے اور اب بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید

اضافہ کر دیا گیا ہے جو نا قابل قبول ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تاجر طبقہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود اسے کسی طرح کی سہولیات اور مراعات حاصل نہیں ۔ حکومت صرف بڑی انڈسٹری اور ایکسپورٹرز سے رابطے رکھتی ہے اور ان کے لئے پالیسیاں تشکیل پاتی ہیںجبکہ ٹیکسز کی مد میں خزانے میں اربوں روپے جمع کرانے کے ساتھ لاکھوں افراد کو روزگا ر فراہم کرنے والے تاجروں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر انڈسٹری کی طرح تاجروں کو بھی یوٹیلٹی بلز میں رعایت دی جائے اور بیرون ممالک منعقدہ نمائشوں میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجرنا مساعد حالا ت کے باوجود معیشت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی اس سے دریغ نہیں کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close