گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر، سوزوکی نے مہران کے بعد ایک اور مشہور گاڑی کی پیداوار بند کر نے کا فیصلہ کر لیا

لاہور (پی این آئی) پاک سوزوکی نے مہران کے بعد ایک اور مشہور ترین گاڑی کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، 10 سال بعد سوزوکی سوئفٹ کی فروخت روکنے کا فیصلہ، مشہور کار اگلے سال اگست سے پاکستانی مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی آٹو مارکیٹ کی بڑی کمپنی پاک

سوزوکی موٹرز کی جانب سے دہائیوں تک ملکی آٹو مارکیٹ میں موجود رہنے والی سوزوکی مہران کی فروخت بند کیے جانے کے بعد اب ایک اور گاڑی کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاک سوزوکی موٹرز دوسری جنریشن کی سوزوکی سوئفٹ کی فروخت بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ سال اگست کے بعد دوسری جنریشن کی سوزوکی سوئفٹ پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں فروخت کیلئے دستیاب نہیں ہو گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ 2010 میں پاکستان میں متعارف کروائی گئی سوزوکی سوئفٹ برسوں تک لوگوں کی پسندیدہ گاڑی رہی، اور اس کی فروخت کا ریکارڈ بھی بہترین رہا۔تاہم گزشتہ چند سالوں کے دوران سوزوکی سوئفٹ کی مقبولیت میں واضح کمی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاک سوزوکی کی جانب سے دوسری جنریشن کی سوزوکی سوئفٹ میں کوئی خاص تبدیلیاں یا اپ گریڈیشن نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے اس کی مقبولیت میں کمی آئی۔ سوزوکی سوئفٹ کی مقبولیت اور فروخت میں مسلسل کمی کے بعد ہی کمپنی نے اس کی فروخت اگلے ایک سال کے عرصے تک بند کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ سوزوکی سوئفٹ کی فروخت کی بندش کے بعد کئی نئی ماڈل کی گاڑی پاکستانی آٹو مارکیٹ میں متعارف کروائی جائے گی یا نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں