عالمی یوم انسداد بد عنوانی، رشوت ستانی ، محکمہ اینٹی کریشن آزادکشمیر کے زیر اہتمام اولڈ سیکرٹریٹ تا آزادی چوک واک

مظفرآباد (پی آئی ڈی) عالمی یوم انسداد بد عنوانی، رشوت ستانی کے موقع پر محکمہ اینٹی کریشن آزادکشمیر کے زیر اہتمام اولڈ سیکرٹریٹ E بلا ک تا آزادی چوک واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن چوہدری مختاراحمد، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد یاسین،سپرینٹینڈنٹ پولیس سلیم درانی،ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل، محمدآصف مغل، سرکل انسپکٹر سید اسد بخاری، ایس ایچ او محسن علی عوان سمیت محکمہ اینٹی کرپشن کے آفیسران،سٹاف، سول سوسائٹی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء واک نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر کرپشن و بدعنوانی کے خاتمہ سے متعلق نعرے درج تھے۔

اس موقع پر واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل چوہدری مختار احمد نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن صاف و شفاف نظام کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے ویژن کے مطابق بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے اینٹی کرپشن زیر و ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عوامی وسائل عوام کی فلاح کے لیے ہی استعمال ہوں گے، کرپشن فری آزادکشمیر کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو اس سال لگ بھگ 700 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے234 کے قریب شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بدعنوان عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا جبکہ پیچیدہ نوعیت کی شکایات پر مقدمات بھی درج کیے گے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کو متحرک کرنے کے لیے حکومت نے 23 آسامیاں مزید تفویض کی ہیں جن کی بدولت محکمہ اینٹی کرپشن مزید متحرک انداز میں قانون کی عملداری کو یقینی بنا سکے گا۔ حکومت بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے ہرممکن وسائل فراہم کر رہی ہے انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام بدعنوان عناصر کی نشاندہی میں مدد فراہم کریں، عوام کی مدد میسر ہوگی تو وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کے ویژن کے مطابق صاف و شفاف نظام قائم کرنے میں آسانی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ نظام شفاف ہوگا تو ملک ترقی کرے گا، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا تو خوشحالی آئے گی، ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور ریاست حقیقی معنوں میں خوشحالی کی جانب گامزن ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے آفیسران اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں، بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے اینٹی کرپشن دن رات کوشاں ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ کرپٹ، بدعنوان عناصر کے خاتمہ اور شفاف نظام کے قیام کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن عملی اقدامات سے بہتری لانے کے لیے اقدامات اٹھاتارہے گا۔۔۔

close