نیشنل ایکشن پلان پر آزاد کشمیر میں مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوا الحق کی نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی . اس موقع پر چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال سمیت ،مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور آزادکشمیر کی تعمیرو ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ قلبی تعلق ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے الحاق پاکستان کے مشن کی تکمیل کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور قربانیوں کا یہ سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے حریت لیڈر پابند سلاسل ہیں اور کشمیریوں کے سیاسی اور مذہبی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر آزادکشمیر میں مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے اس حوالے سے میری تمام اداروں کو واضح ہدایت ہے کہ ان معاملات پر زیرو ٹالرنس ہے ۔نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کیلیے تمام تر امداد جاری رکھے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں