پلندری، عوام کی خدمت کا وعدہ ہے اس پر حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا ضلعی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب

پلندری (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبہ جات میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کی خدمت کا وعدہ ہے اس پر حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا۔ منصوبہ جات کے لیے فنڈز حکومت فراہم کرے گی اس سلسلہ میں مارچ میں ترقیاتی کاموں کے لیے اگلا فیز شروع کر رہے ہیں جس میں ضلع بھر میں رسل و رسائل اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے منصوبہ شروع کیے جائیں گے۔ سپیشل پاور ایکٹ نافذ کر رہے ہیں۔ جو کام کرے گا وہی رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے ضلعی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئر وزیر حکومت کرنل ر وقار نور، وزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین ایڈووکیٹ، وزیر سیاحت سردار فہیم اختر ربانی، وزراء نثار انصر ابدالی، سردار عامر الطاف، میاں عبد الوحید،ضیائالقمر، محترمہ نبیلہ ایوب، پیر مظہر الحق، احمد صغیر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ ہسپتال پلندری کے لیے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے درکار فنڈز 3 دن میں جاری کرنے اور منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر۔ ٹنگی گلہ بیتراں روڈ دونوں اطراف سے فوری شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت۔ بلوچ تالا واڑی روڈ پر پل اور پلندری کو راولاکوٹ سے ملانے والی روڈ پر چھتروڑی کے مقام پر پل کی مکمل تفصیل اگلے دو دن میں ارسال کرنے کی ہدایت۔جائزہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہسپتال سمیت ضلع بھر میں صحت کے مراکز سٹاف اور دیگر سہولیات پر بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے لیے دو نئی ایمبولینسز اگلے چند دن میں مہیا کر دی جائیں گی جبکہ سپشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو 31 دسمبر تک پورا کر دیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال پلندری میں بجلی کی ہمہ وقت فراہمی کے لیے الگ فیڈر کے لیے فنڈز چند دنوں میں فراہم ہو جائیں گے۔ جبکہ پونچھ ڈویژن میں گریڈ 20 کا ڈائریکٹر ہیلتھ کی آسامی بھی دی جا رہی ہے جس سے انتظامی مسائل حل ہو جائیں گے۔ محکمہ تعلیم پر بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نے تعلیمی اداروں کی عمارات پر مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ بائیو میٹرک حاضری کو سو فیصد کی ہدایت کی گئی ہے۔ جبکہ ضلع میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلباء کو دی جانے والی سہولیات اور عمارات کا جائزہ لے کر رپوٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ڈسٹرکٹ جیل پلندری کی عمارت بارے بھی جامع رپورٹ کرنے کی ہدایت۔ سیاحتی مقامات کی منظوری جگہ کی فراہمی بارے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔جائزہ اجلاس میں کمشنر پونچھ ڈویژن سردار سہیل اعظم خان،ڈی ائی جی پونچھ شہریار سکندر، ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیم زنانہ پونچھ محترمہ ریحانہ شاہ محمد،مردانہ محمد جاوید، ایس سی برقیات،ڈپٹی کمشنر سدھنوتی راجہ صداقت خان،سپرنٹنڈنٹ پولیس عدیل احمد ترقیاتی محکموں کے سربراہان،ضلعی آفیسران، سردار واجد بن عارف، ممبر بورڈ آف گورنر پریس فاؤنڈیشن سردار اعجاز خلیق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close