وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کی اقوام متحدہ میں تقریر کا خیر مقدم، عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر بھر پور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ کی اقوام متحدہ میں تقریر کا خیر مقدم کیا ہے ۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور عالمی برادری کی توجہ جنوبی ایشیاء کے اس اہم ترین مسئلے کی جانب مبذول کروائی جو حل طلب ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے ،

وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے عالمی فورم کو اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کا کہا ہے ،اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل کرائے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے مکر رہا ہے ،اس نے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات اٹھا کر مسئلے کی ہئیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے مگر وہ اس میں ناکام رہا ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی فوج کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوے ہیں اور وہ حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے بھی کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ،

کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نہیں مانتے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے صیحیح کہا کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے کیونکہ اسی کے ذریعے جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔۔۔۔