یوم دفاع و شہدائے پاکستان، انٹر سکولز ملی نغموں کا مقابلہ، جموں و کشمیر لبریشن کمیشن، محکمہ تعلیم سکولز کے تحت مقابلے میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شریک

مظفرآباد (پی آئی ڈی) یوم دفا ع و شہداء پاکستان کے موقع پر جموں وکشمیر لبریشن کمیشن اور محکمہ تعلیم سکولز کے زیر اہتمام انٹرسکولز مقابلہ ملی نغموں کا انعقاد کیا گیا جس میں مظفر آباد بھر سے 17 سکولوں کے طلبا وطالبات نے حصہ لیا۔ تقریب میں ڈی پی آئی سکولز نسواں ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن، محترمہ تسلیم گل، ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن کمیشن، راجہ محمد اسلم خان، ڈوثرنل ڈائریکٹر سکولز محترمہ پروین اختر اور ڈی ای او صاحبان مظفرآباد نے شرکت کی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈی پی آئی ایلینٹری و سکینڈری ایجوکیشن محترمہ تسلیم گل نے کہا کہ ہماری افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر دم تیار ہیں، ہم 6 ستمبر1965 کے شہدا کو نہیں بھولے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداء اور غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہم اس یوم دفاع پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن کمیشن راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان کی تقریبا ت کا انعقاد کر کے 1965 کے شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا جارہاہے۔انھوں نے کہا کہ دفاع وطن کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر مقابلہ میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات میں اول، دوئم اور سوئم پوزیشنز لینے والے طلبا و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں