درہ شیر خان میں سینئر معلمہ ثوبیہ منظور کی حاضری رپورٹ میں رکاوٹ ڈالنے، ڈرانے دھمکانے کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا گیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) حکومت نے درہ شیر خان میں سینئر معلمہ ثوبیہ منظور کی حاضری رپورٹ میں رکاوٹ ڈالنے اور شرپسند عناصر کی جانب سے خاتون معلمہ کو ڈرانے دھمکانے کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ حکومت کے ترجمان نے درہ شیر خان گرلز ہائی سکول میں نوتعینات معلمہ ثوبیہ منظور کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث تمام شرپسند عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اب قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔

ترجمان نے کہا کہ واقعہ پر کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کرنیوالوں کے خلاف ایکشن میں تاخیر پر ایس ایس پی پونچھ سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے جبکہ ڈی ایس پی ہجیرہ/ عباسپور کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر بابر رفیق انسپکٹر ایس ایچ او ہجیرہ کو حاضر لائن راولاکوٹ کر دیا گیا ہے جس کی انکوائری ڈی ایس پی صدر مقام راولاکوٹ کریں گے ،اسی طرح انتظامی غفلت برتنے پر آفیسر چوکی سہڑہ کے اے ایس آئی محمد اتفاق فیضی اور چوکی پر تعینات ملازمین علی حسین تفتیشی ہیڈ کانسٹیبل اور مراد علی کنسٹیبل کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ نوتعینات سینئر معلمہ کی حاضری رپورٹ میں رکاوٹ ڈالنے پر صدر معلمہ گرلز ہائی سکول درہ شیر خان اور جونئیر کلرک نزاکت حسین کے خلاف بھی انضباطی کارروائی شروع کر دی گئی ہے .ترجمان نے کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹر نسواں پونچھ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں پونچھ سے بھی واقعہ سے متعلق باز پرس کی گئی ہے جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ سینئر معلمہ ثوبیہ منظور کو 28 اگست کو حاضر کروا دیا جائے گا ۔ترجمان نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اپنی عدالت انصاف لگانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی افسوسناک واقعہ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں