چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت نیشنل ہائی ویز اتھارٹی اور محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ آزاد کشمیر کا اہم اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت نیشنل ہائی ویز اٹھارٹی (NHA) اور محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ آزادکشمیر کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دولائی لینڈ سلائیڈ کے وقتی اور پائیدار حل کے حوالہ سے مختلف امور کاجائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے NHAاور محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کے ذمہ داران کو فوری طور پر تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔

انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ عوام کی آگاہی کے لئے مناسب اقدامات کے علاوہ شاہراہ پر تعمیراتی کام کو ہنگامی بنیادوں پر جاری رکھنے کے لئے ٹریفک کو متبادل لنک روڈ پر منتقل کرنے کے سلسلہ میں ایک جامع پلان مرتب کر کے اسے فوری نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹورازم ڈیپارٹمنٹ سیاحوں کی آگاہی اور رہنمائی کے لیے فوری طور پر سفری ہدایات نامہ (Travel Advisory) جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو حل کرنا تمام محکمہ جات کی بنیادی ذمہ داری ہے اس سلسلہ میں کسی قسم کے تساہل سے کام نہ لیا جائے اور ہر محکمہ مکمل ذمہ داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے صورتحال سے نمٹنے میں اپنا کر دار ادا کرے۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اٹھارٹی (NHA)، محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کے آفیسران کے علاوہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ہیڈ کوارٹرز)، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے بھی شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close