نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن سے جولائی کے آخر تک پیداوار شروع ہونے کا امکان

نیلم (آئی این پی)نیلم جہلم ہائیڈل پاورسٹیشن سے بجلی کی پیداوارجولائی کیآخرتک دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) کو نیلم جہلم پراجیکٹ کا دورہ کیا ، اورساڑھے تین کلومیٹرطویل ٹیل ریس ٹنل خصوصا متاثرہ حصوں میں جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔پراجیکٹ حکام نے چیئرمین واپڈا کو بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کی ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداوار جولائی کے آخر تک دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

پراجیکٹ کنسلٹنٹس نے بتایا کہ ٹیل ریس ٹنل کے منہدم ہونے والے حصے میں کنکریٹ کا عمل جاری ہے اور ساتھ ہی دیگر متاثرہ حصوں کو مضبوط بنانے کیلئے بھی ٹنل کی اندرونی جانب گرڈ رکی تنصیب اور شاٹ کریٹ (Shotcrete) جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ کنٹریکٹر بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی ہدایات کی روشنی میں ٹنل کی بحالی کا کام دن رات جاری رکھے ہوئے ہے۔چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ)نے پراجیکٹ ٹیم کو تاکید کی کہ سٹرکچرکے استحکام اور مضبوطی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔بعد ازاں چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ سائٹ پر منعقد ہونے والی نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان نے ٹنل اور پاور ہاوس کا دورہ بھی کیا۔یادر ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز اپریل 2018 میں ہوا تھا اور اپنی بندش سے قبل یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو 18 ارب یونٹ پن بجلی مہیا کرچکاہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں