وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنزکی ملاقات، مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت کے ساتھ تجارت کے حق میں نہیں، وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز(Neil Hawkins) نے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ملاقات کی۔ ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالماجد خان اور آسٹریلین ہائی کمیشن کی سیکرٹری پولیٹکل میری رابرٹسن(Mairi Robertson) بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر خطہ میں موجود ہائیڈل اور سیاحت کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کیلئے کام کررہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر میں فرق ہے، وہاں پر ہندوستان نے انسانی حقوق سلب کیے ہوئے ہیں جبکہ آزادکشمیر میں انسانی حقوق پر کوئی قدغن نہیں۔ مقبوضہ کشمیر آرٹیکل 370 اور 35اے کے خاتمہ کے بعد 9 لاکھ قابض افواج کے ساتھ ایک ملٹرائزڈزون ہے۔جبکہ اس کے برعکس آزادکشمیر میں لوگوں کو مکمل آزادی حاصل ہے،آزادکشمیر میں کوئی بلاروک ٹوک آسکتا ہے، یہاں کوئی ایک بھی سیاسی قیدی نہیں جبکہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب صورتحال مختلف ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں جمہوری روایات بہت مضبوط ہیں اور بہترین سیاسی ہم آہنگی موجود ہے اور لوگوں کو آزادی اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردوں میں موجود ہے،ان پر عملدرآمد کے سوا کوئی راستہ نہیں،تحریک آزادی کشمیر میں ایک لاکھ لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیں، ہزاروں گمنام قبریں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل تک ہندوستان کے ساتھ تجارت کے حق میں نہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں تیرہویں آئینی ترمیم کے بعد کشمیر کونسل کی حیثیت صرف ایڈوائزری کونسل کی ہے اور کونسل کے اختیارات حکومت آزادکشمیر کو منتقل ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر بھی موسمیاتی تبدیلیوں سے دوچار ہے۔

انہوں نے کہاکہ مالی سال مکمل ہورہا ہے حکومت آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کی تیاریوں میں مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ زلزلہ 2005 میں آزادکشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد تعمیر وبحالی کاکام دوبارہ ہواجو کہ اب تک جاری ہے۔آزادکشمیر میں درختوں کی کٹائی پر سوفیصد پابندی ہے فائرفائٹنگ کو بہتر بنانے پر پر کام کررہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر کہاکہ وہ آسٹریلین ممبران پارلیمنٹ کو بھی آزادکشمیر دورے کی دعوت دیتے ہیں یہاں پر انکی بھرپور مہمان نوازی کی جائے گی۔آسٹریلین نیل ہاکنز(Neil Hawkins) نے کہاکہ آزادکشمیر آکر بہت اچھا لگا، یہ دنیا کا خوبصورت خطہ ہے،یہاں کی قدرتی خوبصورتی سیاحوں کیلئے دلچسپی کا باعث ہے۔آسٹریلیا انسانی حقوق کی فراہمی اور جمہوری رویوں کو بھرپور سپورٹ کرتا ہے، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین بہترین روابط موجود ہیں،آسٹریلیامیں پاکستانیوں، آزادکشمیر اورمقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی کثیر تعداد موجود ہے ۔ آزادکشمیر کے دورے کے دوران جہاں بھی وزٹ کیا بہت شاندار ماحول دیکھنے کو ملا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہاکہ انہوں نے گزشتہ دنوں مظفرآباد میں ہونے والے ادبی فیسٹیول میں شرکت کی اوروہاں بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی جس پر وزیراعظم نے کہاکہ یہ یہاں کے پرامن ماحول کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ملکی سیاحوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سیاح بھی آرہے ہیں جو کہ یہاں کی معیشت کے لیے اچھا شگو ن ہے۔ انہوں نے کہاکہ واٹر اینڈ فوڈ سیکورٹی کے حوالہ سے آسٹریلیااپنی بھرپور معاونت فراہم کریگا۔اس موقع پر ممبر اسمبلی عبدالماجد خان نے کہاکہ حکومت پاکستان گلگت سے آزادکشمیر کو ملانے کیلئے شارٹ روٹ بنارہی ہے، غربت کا خاتمہ حکومت کیلئے ایک چیلنج ہے اور اس سلسلہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت دیگراقدامات کیے جارہے ہیں۔ گوبل وارمنگ کی وجہ سے آزادکشمیر بھی متاثرا ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ آسٹریلین حکومت سے سالڈ ویسٹ مینجمٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے جس پر آسٹریلین ہائی کمیشن نے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں