اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے آغا خان یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ٹراما اینڈ ایمرجنسی ڈاکٹر جنید عبدالرزاق نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور پاکستان لائف سیورز پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی،سیکرٹریز حکومت ارشاد قریشی،زاہد خان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ان سے بات چیت کرتے ہوے کہا کہ انسانی جانیں بچانے کا پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انسانی جان کی بڑی حرمت ہے کیونکہ انسانی جان بچانے سے افضل ترین عمل کوئی نہیں ہے،آزادکشمیر میں اس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے آغا خان یونیورسٹی کی تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں آپ کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی،انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر جنید عبدالرزاق کے دورہ مظفرآباد کے دوران ان کا محکمہ صحت اور دیگر اداروں سے انٹرکشن کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور انہیں بھرپور سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ آپ ایک عظیم مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں انسانی جان کی حرمت سے بڑھ کر کسی چیز کی اہمیت نہیں ہے اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انسانی جان بچانے کے پروگرام کو آزادکشمیر میں تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی،محکمہ صحت،یونیورسٹیوں،کالجز اور دیگر اداروں میں ادارہ اگر تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کرتا ہے تو حکومت اس سلسلے میں بھرپور سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کو meet کرنے کے لیے پروفیشنل تربیت کی ضرورت ہوتی ہے،ہمارے نوجوانوں کو اس حوالے سے تربیت دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمیں آئے دن حادثات کا سامنا رہتا ہے اگر ہمارے لوگوں کی تربیت ہوگی تو وہ کسی بھی طرح کی ایمرجینسی سے نمٹنے کے قابل ہونگے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک انتہائی افضل مقصدکے لیے ہے اور یہ صدقہ جاریہ بھی ہے اس لئے حکومت اس سلسلے میں تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر جنید عبدالرزاق نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے تعاون کو سراہا۔انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ انسانی جانیں بچانے کے اس پروگرام کے تحت ایک کروڑ نوجوانوں کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جنہیں دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں مریض کو بچانے کے لیے ایمرجینسی علاج فراہم کرنے اور حادثات کی صورت میں مریض کو ابتدائی طبی امداد دینے جس سے اس کی جان بچ جائے کی تربیت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا دائرہ اختیار آزادکشمیر تک بھی بڑھایا جائے گا جس کے لئے ہم آپ کے تعاون پر آپ کےشکر گذار ہیں۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں