حریت کانفرنس کے بعد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر زندہ رکھنے میں اوورسیز کشمیریوں کا ہاتھ ہے، برطانیہ میں مقیم کشمیری رہنماؤں چوہدری شعبان، چوہدری خادم حسین سے صدر آزاد کشمیر کی گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورمز پر زندہ رکھنے میں اہم کردار ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے بعد سب سے زیادہ مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر زندہ رکھنے میں اوورسیز کشمیریوں کا ہاتھ ہے۔

22مئی کو بھی سرینگر میں G-20کانفرنس کے انعقاد کے خلاف برطانیہ کے 20سے زائد شہروں میں مظاہرے کیے گئے لہذا اوورسیز کشمیریوں بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی یہ اہم ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُٹھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اسی طرح برطانیہ کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ مسئلہ کشمیر اُس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ برصغیر سے اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر اس خطے سے رخصت ہوا۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے سینئر مشیر چوہدری شعبان اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈلینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک اہم اور نازک موڑ میں داخل ہو چکا ہے اور تمام کشمیریوں بالخصوص اوورسیز کشمیریوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے جارحانہ انداز میں اُٹھانے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ اسی طرح برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا رول ادا کیا ہے لہذا برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ اس موقع پر کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے سینئر مشیر چوہدری شعبان اور کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈلینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کشمیری نژاد برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے بھی مجھے برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت دی اور میں جلد ہی برطانیہ کا دورہ کر کے برطانوی ممبران پارلیمنٹ، برطانیہ کی لوکل کونسلز سمیت برطانیہ میں جلسوں سے خطاب کر کے انٹرنیشنل کمیونٹی کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دوں گا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close