مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے جی ٹونٹی اجلاس کرکے تاریخ کا دھارا نہیں بدلا جا سکتا۔مقبوضہ کشمیر میں کاروبار بند، شہری محصور اور ترنگا بجلی کے کھمبوں کے ساتھ لہرا رہا ہے۔لوگوں کے جذبات کا قتل کرکے جبر کو تسلیم نہیں کروایا جا سکتا۔کسی بھی طریقہ کار سے جبر کے نام پر تعمیر وترقی ممکن نہیں۔ ہندوستان کے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔
تحریک آزادی کشمیردراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا اہم موقع پر یہاں آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کشمیریوں کا رشتہ ہی پاکستان کے ساتھ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے وفاقی وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چودھری، سابق وزرائے اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان، سردار عتیق احمد خان، سردارعبدالقیوم نیازی، صدر پی پی آزادکشمیر چودھری محمد یاسین، خواجہ فاروق احمد اور سردار حسن ابراہیم نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں جو ہوا دنیا نے دیکھا، بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ ہندوستان میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں شہداء ہیں، ہزاروں خواتین کی آبروریزی کی گئی ہے، ہزاروں گمنام قبریں ہیں، ہندوستان کی قابض فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کررہی ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جس عزم کے ساتھ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی اس پرانہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار اللہ رب العزت کی امانت ہے، جس عہدے پر میں ہوں یہاں کوئی بھی کشمیری ہوگا وہ غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ یہاں نئی حکومت کے قیام میں تعاون پر بھی وزیرخارجہ کا شکرگزارہوں۔انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ کے ساتھ آنے والے وفاقی مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ، جمیل سومرو ودیگر ساتھیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، صدرریاست کو بھی ویلکم کرتاہوں۔وفاقی حکومت کا شکرگزار ہوں کہ ترقیاتی فنڈز ریلیز کیے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں