اسلام آباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوے ان وحشیانہ حملوں میں 26 فلسطینیوں کی شہادت ہر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اہل کشمیر کے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں تین دنوں میں اسرائیلی طیاروں نے جس وحشیانہ پن اور جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے اس پر ہمارے دل رنجیدہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ تین دنوں میں 26 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا اور 80 سے زیادہ زخمی ہیں یہ وحشیانہ حملے اہل فلسطین کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں پر مغربی ملکوں اور عالمی اداروں کی بے حسی اور خاموشی قابل مذمت ہے ،انہیں چاہیے کہ وہ اسرائیل کی مذمت کریں اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کیلیے اپنا اتر و رسوخ استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور ان کا حق غصب کر رہا ہے بعین اسی طرح بھارتی فوج نے کشمیریوں کے حقوق کو غصب کیا ہوا ہے اور وہ نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج بھی اسرائیلی طرز پر مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافی میں تبدیلیاں لانا چاہتی ہے تاکہ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی تحریک آزادی ہر حال میں جاری رکھیں گے اور انشاءاللہ کامیابی ان کا مقدر بنے گی ۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں اسرائیلی حملے روکنے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں