مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر وچیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا ہے کہ حرمین الشریفین امت مسلمہ کی عقیدت کا مرکز ہیں آزادکشمیر اورپاکستان کی مساجد میں نماز باجماعت کیساتھ ساتھ درس قران کاسلسلہ شروع کرنا مناسب ہوگا۔آزاد کشمیر کے علماء کرام دنیا بھرمیں اسلام کی خدمات کے لیے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد نبوی شریف کے معلم مولانا مفتی جمیل الرحمن مدنی،صدر اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ آزاد کشمیر رکن اسلامی نظریاتی کونسل کے ہمراہ علماء کرام کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، مولانا انعام الحق اور حافظ طارق محمود بھی موجود تھے۔چیف جسٹس آزادکشمیرنے علماء کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورآزاد کشمیر میں کوئی قانون قرآن و سنت کے متصادم نہیں بن سکتا۔آزاد کشمیر میں علماء کرام کے درمیان مثالی ہم آہنگی کی وجہ سے امن کی فضا موجود ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے سپریم کورٹ کی طرف سے معلم مسجد نبوی شریف مولانا مفتی جمیل الرحمن کوتحفہ کے طور پر ڈائری دی اورمعلم مسجد نبوی شریف نے پاکستان کے استحکام اور آزاد کشمیر کی ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاکی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں