اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ نامور مورخ، محقق اور کشمیری عوام کے وکیل الیسٹر لیمب (Alastair Lamb) کے انتقال پر ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ الیسٹر لیمب پہلے محقق تھے جنہوں نے تحقیق کے ذریعہ ثابت کیا کہ مہاراجہ کا الحاق ہندوستان کا معاہدہ ہندوستان کی فوجوں کے کشمیر میں داخل ہونے کے بعد ہوا۔
قضیہ کشمیر کے حوالہ سے انہوں نے پانچ کتب تصنیف کیں اور ان کتابوں میں دیگر امور کے علاوہ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ مہاراجہ کے خلاف تحریک کشمیریوں کی مقامی تحریک تھی اور اس تحریک کو کچلنے کے لیے مہاراجہ نے طاقت کا استعمال کیا جس سے صرف جموں میں دو لاکھ سے زائد مسلمان شہید ہوئے اور اس وجہ سے قبائلی کشمیر میں داخل ہوئے۔ لیمب نے ہندوستان کے دعوؤں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے الیسٹر لیمب (Alastair Lamb) کو ان کی مسئلہ کشمیر پر موثر اور حقائق پر مبنی تحقیق سے انٹرنیشنل کمیونٹی کو آگاہ کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں