آزاد کشمیر، سگریٹ فیکٹریز کی بہتر مانیٹرنگ کیلئے جدید ترین نظام ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے معائدے پر دستخط کر دیئے گئے

اسلام آباد (پی آئی ڈی) کمشنر ان لینڈ ریونیو سردار ظفر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سگریٹ فیکٹریز کی بہتر مانیٹرنگ کیلئے جدید ترین نظام ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (Track & Trace System)کے معائدے پر دستخط کر دیئے گئے۔ بہت جلد اس جدید ترین خودکار نظام کو خطے کی تما م سگریٹ فیکٹریوں میں نافذ کر دیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں قائم کردہ سگریٹ فیکٹری مالکان نے ایف بی آر پی کوارٹر میں معائدے پر دستخط کیے۔

ایف بی آر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ایف بی آر کے سینئر افسران کی موجودگی میں اس معائدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سی بی آر محکمہ ان لینڈ ریونیو حکومت آزاد کشمیر اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکومت پاکستان، Authentix کنسورشیم اور آزاد کشمیر کے سگریٹ فیکٹریز کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ تقریب میں آزاد کشمیر سی بی آر کی نمائندگی سردار ظفر محمود خان کمشنر ان لینڈ ریونیو نے کی جبکہ FBR کے سینئر ممبر، ٹریک اینڈ ٹریس پروجیکٹ کے ڈائریکٹر طارق شیخ اور اور Authentix کمپنی کے جنرل منیجر ظفر مسعود بھی موقع پر موجود تھے۔ ترجمان کے مطابق اس معائدے کے تحت آزاد کشمیر بھر کی سگریٹ فیکٹریز میں مجوزہ لائسنس ہولڈر کمپنی AJCL Authentix Mitasکی جانب سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کیلئے جدید ترین آلات نصب کیے جائیں گے جس کے باعث سگریٹ کی پرو ڈکشن اور ان کی ترسیل کو خودکار نظام کے تحت آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں مانیٹر کیا جا سکے گا۔ اس سسٹم کی بدولت نہ صرف ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی ہو گی بلکہ جعلی اور غیر قانونی سگریٹس کی پیداوار کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے گا نیز سگریٹ یونٹس کی کارکردگی بہتر ہونے سے مالیہ سرکار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو پائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹریکٹ اینڈ ٹریس سسٹم پہلے ہی نافذ کیا جا چکا ہے جبکہ آزاد کشمیر میں اس معاملے میں موجودہ پیش رفت چیئرمین سی بی آر راجہ امجد پرویز کی خصوصی دلچسپی کے باعث ممکن ہوئی۔

تر جمان نے یہ بھی کہا کہ کہ آزاد کشمیر کی حدود میں صرف ان سگریٹ فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی جو اس سسٹم کے تحت منسلک ہوں گی۔ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے لائسنس ہولڈر Authentix کمپنی جلد ہی اس سلسلے میں سروے شروع کردے گی جس کے فورا بعد صرف اسٹیمپ شدہ سگریٹ بنانے کی اجازت ہوگی اور ان کی آن لائن مانیٹرنگ کی جائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close