قائد اعظم محمد علی جناح کے ہمراہ قیام پاکستان کی تحریک میں کشمیری قیادت بھی پیش پیش رہی، پاکستان کی تکمیل الحاق کشمیر کے ذریعے ہو کر رہے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیرسردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جو لازوال جدوجہد کے نتیجے میں 23مارچ 1940 کو قرارداد لاہور سے قیام پاکستان کی بنیاد تھی جسے لوگوں نے ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے ممکن کر دکھایا۔ مسلمانان ہند نے نظریہ پاکستان کو بنیاد بنا کر حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 14 اگست 1947 کو پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

برصغیر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب انہوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ مملکت کے قیام کی بنیاد رکھی اس تمام جدوجہد میں کشمیری قیادت بھی پیش پیش رہی۔ کشمیری قیادت نے لاہور جلسے میں شرکت کر کے پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان لازوال رشتے کی بنیاد رکھی۔23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ قرار داد پاکستان ہمیں اجتماعیت کا درس دیتی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے جسکو کشمیریوں نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہواہے، کشمیری بائی چوائس پاکستانی ہیں اور پاکستان کو اپنی آرزوں اور امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں۔23 مارچ 1940 کو خطہ پونچھ کے عظیم لیڈر غلام حیدر جنڈالوی نے لاہور جلسے میں کشمیریوں کی نمائندگی کی جس کے تسلسل میں 19 جولائی 1947کو کشمیری عوام نے الحاق پاکستان کی عظیم قرارداد منظور کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے نہ صرف قیام پاکستان کی جدوجہد میں مسلمانان ہند کے ساتھ حصہ لیا بلکہ خود کو بھی قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستان سے وابستہ کر دیا تھا،کشمیریوں نے 14 اگست 1947 قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے الحاق کا فیصلہ کر لیا تھا۔ دنیا میں پاکستان سے زیادہ کشمیر یوں کا کوئی ہمدرد نہیں۔انشاء ا اللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور پاکستان کی تکمیل الحاق کشمیر کے ذریعے ہو کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے جموں کشمیر کے لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں جب تک مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت مل نہیں جاتا ہم چیں سے نہیں بیٹھیں گے۔ کشمیر ی اس وقت تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے جب تک وہ مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروا کر پاکستان کے ساتھ پوری ریاست کا الحاق نہیں کر لیتے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ قیام پاکستان سے جموں و کشمیرکے عوام کی جدوجہد کو ایک نئی تحریک اورایک نیا ولولہ ملا۔ کشمیر اور پاکستان نظریاتی، جغرافیائی، تاریخی رشتوں، ثقافتی اور مذہبی اعتبار سے ایک ہی ہیں جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close