آزاد کشمیر، سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی سردار سیاب خالد کو آبائی قبرستان چیروٹی میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، اپوزیشن لیڈر لطیف اکبر سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

راولاکوٹ /پانیولہ (پی آئی ڈی) سابق سپیکر قانون ساز اسمبلی و ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل سردار سیاب خالد کو راولاکوٹ، پانیولہ، چیروٹی میں نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد آبائی قبرستان چیروٹی میں سپرد خاک کر دیا گیا.

نماز جنازہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان، سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان، سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر الحاج سردار محمد یعقوب خان، اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد لطیف اکبر، وزراء حکومت سردار میر اکبر خان،سابق وزرائے حکومت ملک محمد نواز، ڈاکڑ نجیب نقی خان، سردار فاروق احمد طاہر، سابق ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی سراد عامر الطاف خان، سیکریٹری اطلاعات انصر یعقوب، سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری آفیسران، عوام علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی.اس سے قبل مرحوم سردار سیاب خالد کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سینئر سیاسی رہنماء سردار سیاب خالد کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا. انہوں نے کہا کہ مرحوم آزادکشمیر کی سیاست میں اہم مقام رکھتے تھے. انہوں نے بطور سپیکر قانون ساز اسمبلی اور وزیر قانون آزاد کشمیر کی حیثیت سے جو خدمات سر انجام دیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ سردار سیاب خالد کی سیاسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے علاقے کی تعمیر وترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ سردار سیاب خالد کی وفات سے آزادکشمیر اور بالخصوص خطہ پونچھ ایک بڑی سیاسی شخصیت سے محروم ہو گیا جن کا خلاء مدتوں پورا نہیں کیا جا سکے گا ۔وزیراعظم نے سردار سیاب خالد کیلیے خصوصی دعا بھی کروائی تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مرحوم سیاب خالد آزادکشمیر کی سیاست کا ایک درخشندہ ستارہ تھے جنہوں نے ساری زندگی عوامی خدمت میں گزاری. سردار سیاب خالد قومی سطح کے سیاسی رہنما تھے، مرحوم انتہائی نفیس ملنسار اور سادہ طبیعت کے مالک تھے. ایک عام سے گھرانے میں پیدا ہونے والے سردار سیاب خالد سیاست میں بڑے بڑے عہدوں پر فائز رہے. مقررین نے مزید کہا کہ سردار سیاب خالد کے عوامی کام تادیر یاد رکھے جائیں گے.مرحوم کا نماز جنازہ راولاکوٹ میں معروف عالم دین مولانا سعید یوسف خان، پانیولہ میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان اور چیروٹی میں مولانا حاکم نے پڑھایا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نمازہ جنازہ میں شرکت کی۔بعد ازاں انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close