وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات، پارلیمانی پارٹی اور کشمیری عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر کی یقین دہانی

لاہور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں اہم ملاقات،ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزراء حکومت چوہدری مقبول گجر، حافظ حامد رضا، چوہدری محمد اکمل سرگالہ، علی شان سونی، چوہدری اکبر ابراہیم،پارلیمانی سیکریٹری جاوید بٹ، معاون خصوصی راجہ سبیل، ترجمان وزیراعظم آزادکشمیر توصیف عباسی اور عمر شہزاد بھی شامل تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس خان نے پی ٹی آئی قیادت پر جعلی اور بے بنیاد مقدموں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا عمل ملک میں سیاسی استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں جن پر لوگ اندھا اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں تحریک انصاف آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور کشمیری عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے چیئرمین پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سیاسی مذاکراتی عمل ہو تو پی ٹی آئی کو اس کا حصہ بننا چاہیے۔ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے،انتخابات ناگزیر ہیں تمام سیاسی پارٹیاں ملکی مفادات کے پیش نظر مذاکرات کریں تاکہ ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو۔پی ٹی آئی کو مذاکرات کیلیے تیار رہنا چاہیے،ملک اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے، ڈالر بلند ترین سطح پر ہے اور روپے کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے۔ معیشت کو ہنگامی طور پر سنبھالنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین تحریک انصاف سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے دورہ کراچی کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی جمہورہت اور سیاست پر یقین رکھتی ہے۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے سابق وزیراعظم عمران خان کو آزادکشمیر میں ضلعی حکومتوں،جاری منصوبوں ویمن ایمپاورمنٹ اور یوتھ پروگرام اور سینیٹ آف پاکستان کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو یقین دلایا کہ انکے ویژن کے مطابق ہماری حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ آزادکشمیر کے اندر تعمیرو ترقی،انفراسٹرکچر کی بحالی، تعلیم، صحت،روزگار اوروویمن امپاورمنٹ پر کام کر رہے ہیں،ہماری حکومت پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے چیئرمین عمران خان کو بتایا کہ آزادکشمیر میں گندم کے مسائل کا سامنا ہے جس پر وفاقی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے۔ گندم امپورٹڈ ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ لاکھ روپے فی ٹن مہنگی پڑتی ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے تحریک انصاف کی آزادکشمیر کی حکومتی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ بطور وزیراعظم کشمیریوں کی سفارتی سطح پر بھرپور آواز بلند کی اور ہر سفارتی محاذ پر کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی۔ انہوں نے کہاکہ جب تک مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں بہن بھائیوں کو ان کا حق خودارادیت مل نہیں جاتا پاکستان کے لوگ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان کو بلدیاتی انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد دی۔ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بتایا کہ ظل شاہ جیسے کارکن ہر جگہ ہر گلی میں موجود ہیں جن کی امید اور آس آپ سے جڑی ہیں۔ ہمارا آئین اور قانون پر امن سیاسی جدوجہد کی اجازت دیتا ہے یہ پی ٹی آئی کا حق ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں