ساؤتھ افریقہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میںکردار ادا کریں، صدر آزاد کشمیر کی کشمیر ایکشن کمیٹی ساؤتھ افریقہ چوہدری حق نواز سے گفتگو

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بیرون کشمیریوں کی ایک بہت بڑی تعداد آباد ہے اور بالخصوص ساؤتھ افریقہ میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسئلہ کشمیر کے اہم اور نازک موڑ پر اوورسیز کشمیریوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورمز پر جارحانہ انداز میں اُٹھانے کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔

بھارت نے 5 اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں شروع کر دی ہیں جس سے وہ مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ اور مسئلہ کشمیر کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ لہذا ایسی صورتحال میں ہم سب کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ بھارت کی ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے کے لئے اُس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ لہذا ساؤتھ افریقہ میں آباد کشمیری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی آواز بھرپور انداز میں بلند کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین کشمیرایکشن کمیٹی ساؤتھ افریقہ چوہدری حق نوازسے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر چیئرمین کشمیرایکشن کمیٹی ساؤتھ افریقہ چوہدری حق نواز نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بھمبر اور جنوبی افریقہ کے دورے کی دعوت دی صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ انشاء اللہ مناسب وقت پر بھمبر اور ساؤتھ افریقہ کا دورہ کریں گے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close