وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی ملاقات ، وزیراعظم آزادکشمیر نےکشمیری عوام کی ترقی کے لیےتعاون پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ۔ملاقات کے دوران آزادجموں و کشمیر سے متعلق اہم مالیاتی امور اور عوامی بہبود کے منصوبوں اور سکیموں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے وفاقی وزیر خزانہ کو محصولات میں اضافے کے لئے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں وفاق کی معاونت طلب کی ۔ملاقات کے دوران آزادجموں و کشمیر میں جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اسحق ڈار نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کو والہانہ انداز میں خوش آمدید کہا اور آزادجموں و کشمیر کی تعمیر وترقی کے لئے وفاقی حکومت کی مدد کا اعادہ کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادجموں و کشمیر کے عوام کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسکی ترقی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔انہوں نے محصولات میں اضافے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی اعانت کی پیشکش کی ۔وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اسحق ڈار نے ملک کی اقتصادی حالت پر روشنی ڈالتے ہوے کہا موجودہ چیلنجنگ صورتحال کے باوجود حکومت نے ملک کی مالی حالت مستحکم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کشمیری عوام کی ترقی کیلیے تعاون پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close