لوٹن، صدر آزاد کشمیر کا سکھوں کے گوردوارہ کا دورہ، کشمیر کے ساتھ سکھوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر بیرسٹر سلطان کا شکریہ

لوٹن (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہ لوٹن کے دوران لوٹن میں سکھوں کے گوردوارہ کا بھی دورہ کیا جس کی دعوت انہیں گوردوارہ کے سیکرٹری جنرل مان سنگھ نے دی تھی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سکھ رہنماؤں نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہاں وہ دنیا بھر میں کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرتے ہیں وہاں پر بھارت میں آباد سکھوں اور دیگر اقلیتوں کے لئے بھی آواز بلند کرتے رہتے ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے بلکہ خود بھارت کے اندر مقیم مسلمانوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں پر بھی مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے جس سے بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے کہ بھارت میں جمہوریت نہیں بلکہ ایک منتخب آمریت ہے جو وہاں کی اقلیتوں پر عرصہ حیات تنک کیے ہوئے ہے۔ بھارتی سرکار ہندوتوا کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جس سے وہاں پر آباد اقلیتوں کو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہم جہاں پوری دنیا میں کشمیریوں کے حق کے لئے آواز اُٹھاتے ہیں وہاں پر ہم سکھوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close