وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجز کے بورڈ آف گورنرز کا اعلیٰ سطح کا اجلاس

اسلام آباد (پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کے حوالہ سے بورڈ آف گورنرز کا اعلیٰ سطح کا اجلاس۔اجلاس میں وائس چئیرمین گورننگ باڈی / وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی،ممبر قانون ساز اسمبلی جاوید اقبال بڈھانوی، چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ،سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ سیکرٹری صحت عامہ،میجر جنرل ظہیر اختر ،سپیشل سیکرٹری صحت سہیل اعظم ،ایڈیشنل سیکرٹری صحت بشیر چوہدری ،پرنسپل بے نظیر میڈیکل کالج میرپور پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈئر (ر) شوکت محمود ،پرنسپل مظفرآباد میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ملازم حسین بخاری ،پرنسپل پونچھ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد ،ممبران ڈاکٹر امین چوہدری ،چوہدری منیر حسین سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔

بورڈ آف گورنرز کے اعلی سطح کے اجلاس میں راولاکوٹ میڈیکل کالج کیلیے باؤنڈری وال ،میڈیکل کالجز کے پرنسپلز کے لیے گاڑیوں ،میرپور میڈیکل کالج اور پونچھ میڈیکل کالج کے لیے دو کوچز ،پہلی مرتبہ تینوں میڈیکل کالجز کیلیے بجٹ ،کالجز میں کوالٹی اشورنس سیل ،ہر کالج کیلیے الگ بورڈ قائم کرنے اور کالجز میں اپنے وسائل پیدا کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی منظوری دی گئی ۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو سیکرٹری صحت عامہ اور میڈیکل کالجز کے پرنسپلز نے کالجز کے بجٹ، انفراسٹرکچراور جملہ مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے ہدایت کی کہ کالجز کے انتظامی امور میں بہتری لائی جائے، کالجز میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائےاور ڈسپلن پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی اخلاقی ترویج اور کردار سازی پر بھی فوکس کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت وسائل فراہم کریگی،کالجز کے امور کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں مالیاتی ڈسپلن پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے ،بجٹ کی متعلقہ فورمز سے بروقت منظوری حاصل کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت فنڈز فراہم کرنے سمیت تمام اقدامات اٹھائے گی۔۔۔۔

close