صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دینے کا شیڈول جاری

مظفر آباد(پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میں 24جنوری کو یورپی پارلیمنٹ جبکہ 25جنوری کو برطانوی پارلیمنٹ میں ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دوں گا جبکہ 5فروری کو بھارتی ہائی کمیشن لندن سے لے کر 10ڈاؤننگ اسٹریٹ تک کشمیریوں کے مظاہرے کی قیادت کروں گا۔

میرے دورہ ترکی کے دوران ترکی حکومت اور اپوزیشن نے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ترکش پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر گروپ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ سفارتی سطح پر ہماری ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور میرے دورہ ترکی کے مسئلہ کشمیر پر دوررس اثرات مرتب ہونگے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سیاسی اور معاشی طور پرمضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو موجودہ پریشان کن صورتحال میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سے پاکستان دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ بھارت گزشتہ ستر برس سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے کے لیے مختلف حربے استعمال کر چکا ہے جس میں انسانیت سوز مظالم سرفہرست ہیں۔ جبکہ اب بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی ہندوؤں کی آباد کاری کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے جس میں اسے کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں ملکی، مقامی اور بین الاقوامی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدارتی مشیر چوہدری محمد مالک نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی اجازت سے کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم نارتھ کے مختلف شہروں کی تنظیموں کے عہدیداران کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم برطانیہ کے صدر بیرسٹر کرامت حسین،صدر بریڈفورڈ برانچ چوہدری آصف ڈی سی،چوہدری شیراز احمد،ڈاکٹر ظفر،جاوید بھڑک،چوہدری صابر نوشاد،یاسر چوہدری،ماجد علی،چوہدری جبار،چوہدری محمد اشفاق کے علاوہ برطانیہ کے مختلف شہروں سے آئے ممتاز کشمیری رہنماء بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے ہاتھوں بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے۔ مہاتمہ گاندھی اور جواہر لال نہرو والا بھارت دنیا کے نقشے سے مٹ چکاہے اور اب مودی کا بھارت ہے جو اقلیتوں پر ظلم اوراُن کے بنیادی انسانی حقوق غصب کرنے سے گریز نہیں کرتا بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کو دنیا میں بے نقاب کیا جانا بہت ضروری ہے۔ صدر رہاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پربھارتی ہائی کمیشن لندن کے باہر مظاہرے میں شرکت کی اپیل بھی کی۔

close