مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے مختلف وارڈز سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے اہل امیدواران کی وفات اور بعض پولنگ اسٹیشنز /وارڈز میں پولنگ مکمل نہ ہونے کے باعث ری پولنگ اور نئے انتخابی شیڈول کا اعلان الگ الگ نوٹیفکیشن کے ذریعے کر دیا ہے جس کے مطابق ایسے تمام وارڈ ز جہاں امیدواران کی وفات کی وجہ سے پولنگ نہ ہو سکی تھی، کے لیے ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی 14تا15دسمبر2022دن 01:00بجے تک داخل کروائے جا سکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16دسمبر2022صبح 08:00بجے تا دوپہر 02:00بجے،فہرست اہل امیدواران کی اشاعت 16دسمبر2022(جانچ پڑتال کے فوری بعد)،کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف اپیلنٹ ٹریبونل کے پاس اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 17دسمبر2022دوپہر 02:00بجے سے قبل، اپیلنٹ ٹریبونل کی طرف سے اپیلوں پر سماعت و فیصلہ جات 19دسمبر2022صبح 09:00بجے سے لے کر دوپہر 02:00بجے تک، بطور امیدوار دستبرداری کی آخری تاریخ 19دسمبر2022سہ پہر 03:00 بجے تک، امیدواران کی حتمی فہرست کی اشاعت 19دسمبر 2022(دستبرداری کے فوری بعد)، انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 19دسمبر2022شام 04:00بجے، انتخابی نشانات الاٹمنٹ کے ساتھ امیدواران کی حتمی فہرست کی اشاعت 19دسمبر2022اور جملہ وارڈز جن میں امیدواران کی وفات یا کسی اور وجہ سے مکمل پولنگ نہ ہو سکتی تھی کی پولنگ 25دسمبر2022بروز اتوار صبح 08:00بجے تا شام 05:00بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ یہ امر واضح رہے کہ جن وارڈز کے امیدواران کی وفات کی وجہ سے الیکشن کی سرگرمیاں معطل کی گئی تھیں ان وارڈز میں حصہ لینے والے ایسے امیدواران جنہوں نے قبل ازیں اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آٖفیسر کے پاس داخل کروا رکھے ہیں انہیں اپنے کاغذات نامزدگی دوبارہ داخل کروانے کی ضرورت نہ ہے۔ انہیں انہی داخل کردہ کاغذات نامزدگی کی بناء پر انتخابات میں حصہ لینے کا قانونی استحقا ق حاصل ہے۔ یہ بات ترجمان آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ایک پریس ریلیز میں بتائی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں