وزیراعظم آزاد کشمیر نے مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا کامیاب انعقاد جمہوریت کی فتح قرار دیدی

مظفرآباد (پی آئی ڈی )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا کامیاب انعقاد جمہوریت کی فتح ، سیاسی نظام کی کامیابی ہے ،جس پر تمام سیاسی کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوگوں نے جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر پورا اترنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔

تحریک انصاف کے شیر دل کارکنوں نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور پارٹی کے علم کو بلند کرکے یہ ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی مظفر آباد میں اپنی کارکردگی کی بناء پر مزید مضبوط ہوئی ہے ہم اسی طرح پونچھ اور میر پور ڈویژن میں بھی کامیابی حاصل کر یں گے ۔ بلدیاتی الیکشن کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے عہدیداران اور کارکنوں کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے سیاست اور جمہوریت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا اور کر رہے ہیں سب سے بڑی جو مثال ہے کہ کم سکیورٹی کے باوجود بھی انہوں نے ذمہ داری کامظاہر ہ کیا اور پورے الیکشن کا ماحول پرامن رہا اس سے نا صرف آزاد کشمیر کے لوگوں کی سیاسی شعور اور بالیدی کا بلند پایہ مقام دیکھنے کو ملتا ہے اور اسکے ساتھ آزاد کشمیر کی انتظامیہ اور پولیس کا جو معیار اورکارکردگی سامنے آئی وہ اپنی مثال آپ ہے اور اس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے ادارے اپنی کارکردگی کی بناء پر مزید بہتر ہورہے ہیںیہ خوش آئند اقدام ہے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر ،سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر ،اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر ،پیپلزپارٹی کے رکن قانون ساز اسمبلی میاں عبد الوحید ،سید بازل علی نقوی اور سردار جاوید ایوب کو اپنے اپنے حلقوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا یہ عوام کا تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا مظہر تھا انشااللہ میں بھی اپنے لوگوں کے اعتماد پر پورا اتروں گا ۔

انہوں نے کہا مزید کہا کہ 31 سال تک آزاد کشمیر کی عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ،بلدیاتی الیکشن پر مجھے بلیک میل کرنے کی بھی کوشش کی گئی،کہا گیا کہ حکومت کرنی ہے یا بلدیاتی الیکشن کروانے ہیں۔ میں نے عوام کے حق پر سودا نہ کیا نہ کرنے دیا،بلدیاتی الیکشن منعقد کروانا میرا عزم تھا۔ آزاد کشمیر کی سول انتظامیہ اور پولیس نے سر فخر سے بلند کر دیا،بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف نے واضح کامیابی حاصل کی ہے ۔ مظفرآباد ڈویژن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اسمبلی کی چھ سے زائد سیٹیں لی ہوئی تھیں مگر تحریک انصاف پھر بھی سرخرو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں فتح و شکست کوئی معنی نہیں رکھتی ۔اصل کریڈٹ یہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کر دکھایا اور اسکے لئے حکومت نے تمام تر وسائل فراہم کئے ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر بھر میں نوجوانوں کو قیادت دی ہے ،یہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ہم نے انہیں عوامی معاملات میں حصہ دار بنا کر سیاسی اجارہ داریاں اور نمبرداریاں ختم کی ہیں ۔انتخابات میں ہمیشہ اپوزیشن کو حکومت پر ایک ایج حاصل ہوتا ہے یہ پولیٹیکل سائنس کا سادہ اصول ہے مگر مظفرآباد ڈویژن کے بہادر اور غیور لوگوں نے پولیٹیکل سائنس کے اس اصول کو الٹا کر رکھ دیا اور تحریک انصاف کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی، ہم نے 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کروائے ہیں جو کہ ایک سیاسی تاریخ ہے فیصلہ ہم مورخ پر چھوڑتے ہیں کہ وہ اسے کس طرح دیکھے گا۔وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے مظفرآباد ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے خاص طور پر محکمہ اطلاعات کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے شاندار کمپین کے ذریعے لوگوں کو ووٹ کی اہمیت سے اجاگر کرنے اور پرامن طور پر حق رائے دہی استعمال کرنے کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی پولیس اور دیگر اداروں پہ فخر ہے جنہوں نے پرامن، صاف شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانے میں کردار ادا کیا،آج عوام سے کیا وعدہ مکمل کر کے خود پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ عوام کا جوش و خروش قابل تعریف تھا۔ الیکشن میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے وہ اپنے علاقے کے مسائل حل کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں گے ،وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا اور ان کی کوششوں کی تعریف کی۔وزیراعظم نے بلدیاتی الیکشن میں پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close