مظفر آباد(پی آئی ڈی )صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زیر صدارت تجویدالقرآن ٹرسٹ کا اجلاس ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اجلاس میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو تجوید القرآن ٹرسٹ کے قیام، اغراض و مقاصد، جاری پراجیکٹس اور ادارے کو درپیش مسائل، مشکلات اور اس میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر تجوید القرآن ٹرسٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی تعلیم کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت ہر سطح پر تجوید القرآن ٹرسٹ کی بھرپور معاونت و مدد کرے گی۔ اس سلسلے میں 1770 قاری حضرات اور قاریات کے اعزازیہ کو 11500سے بڑھا کر 16500 میں اضافے کے فیصلے کی تجویز کی جملہ متعلقین نے توثیق کر دی ہے اور اسی طرح چیف قاری کی تعیناتی کی بھی منظوری بھی دی گئی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ تجوید القرآن ٹرسٹ کی آمدن اور اخراجات کا تناسب برقرار رکھا جائے تاکہ ادارے کے معاملات میں کوئی رکاوٹ یا خلل پیدا نہ ہو۔ تاہم اس سلسلے میں مشیر حکومت آزاد کشمیر برائے امور دینیہ حافظ حامد رضا سے کہوں گا کہ اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مختلف محکمہ جات سے بات کریں اور اس سلسلے میں جہاں پر میری ضرورت ہو تو میں بھی بات کروں گا تاکہ ادارے کے فنڈز میں اضافہ ہو اور اس کو مزید وسعت دی جا سکے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج کے اجلاس میں اگرچہ تجوید القرآن کے شریک چیئرمین وزیراعظم آزاد کشمیر، اسپیکر قانون ساز اسمبلی، چیف سیکرٹری بعض وجوہات کی بنا پر آج کے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے تاہم اجلاس میں کورم پورا ہے۔ لہذا میں مشیر حکومت برائے امور دینیہ حافظ حامد رضا سے کہوں گا کہ وہ ادارے کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے بات کریں۔ اس موقع پر اجلاس میں مشیر حکومت آزاد کشمیر امور دینیہ حافظ حامد رضا، سیکرٹری فنانس آزاد کشمیر عصمت اللہ شاہ، اکاؤنٹنٹ جنرل آزاد کشمیر عثمان جاوید لون، سیکرٹری صدارتی امور سید آصف حسین، سیکرٹری امور دینیہ آزاد کشمیر سردار ظفر خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالحمید مغل، ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ نذیر احمد نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں