مظفرآباد (آئی اے اعوان) آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان پر وزیر قانون سردارفہیم اختر ربانی کے حملے کے خلاف راجہ محمد فاروق حیدر خان کی تحریک استحقاق بحث کیلئے منظور کر لی گئی ۔سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں ممبر اسمبلی راجہ محمد فاروق حیدر خان کی طرف سے ایوان میں پیش کی جانے والی تحریک استحقاق پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق وزیرا عظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ایوان کا تقدس ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ایوان کے تقدس کا تحفظ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ممبران اسمبلی عوام کے لیے نمونہ ہونے چاہیے۔ یہ ایوان تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ میں اس موقع پر اپوزیشن ممبران کو ایوان اور ایوان کے باہر مثبت کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ ہمیں ایوان کے اندر ایک دوسرے کی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو پرامن بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ممبر اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ ایوان میں جو کچھ ہوا وہ صحیح نہیں ہوا۔اس ایوان کا تقدس ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ایوان میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے ممبر اسمبلی چوہدری مقبول گجر نے کہا کہ ایوان کا تقدس بحال رکھنا ہم سب ممبران اسمبلی کا کام ہے،ایوان کا ماحول اچھا ہو گا تولوگوں کو میسج بھی اچھا جائے گا۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ممبرا سمبلی محمد مظہر سعید نے کہا کہ یہ ایوان مقدس ایوان ہے، یہ مجلس مشاورت ہے، اس کا تقدس کا خیال رکھنا تمام ممبران اسمبلی کی ذمہ داری ہے۔ یہ ایوان سب لوگوں کے لیے نمونہ ہونا چاہیے۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ ایوان میں ہونے والے واقعہ پر افسوس ہے۔ا یوان کے تقدس کو بحال رکھنے کے لیے تمام ممبران اسمبلی کو کردار ادا رکرنا چاہیے۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ ہمارے لیے سب ممبران اسمبلی قابل احترام ہیں۔ایوان میں ہونے والے واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ آزادی کا بیس کیمپ ہے۔ایوان میں اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے۔ ممبران اسمبلی حافظ حامد رضا، چوہدری محمد یاسین، راجہ محمد فاروق حیدر خان،چوہدری لطیف اکبر، سردار حسن ابراہیم،فیصل ممتاز راٹھور،جاوید بڈھانوی، میاں عبدالوحید، احمد رضا قادری،جاوید بٹ، قاسم مجیداور بازل نقوی نے بھی بحث میں حصہ لیا سپیکر نے اجلاس جمعرات 10بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں