مظفر آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے، راجہ فاروق حیدر

مظفرآباد (آئی اے اعوان) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و مرکزی نائب صدرپاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے خطاب میں پاکستان کو درپیش تمام چیلینجز اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تمام پہلوؤں کو اُجاگر کیا ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کیے جانے والے غیر آئینی غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مغائر جبری اقدامات کے خلاف جنرل اسمبلی کو آواز اٹھانی چاہیے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جی سیون ممالک اجلاس میں شاندار انداز میں مسلہ کشمیر پر بات کی ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان اور سوشل میڈیا پر ٹویٹ میں راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ ریاست جموں کشمیر کے تنازعہ کا واحد حل رائے شماری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب وطن عزیز پاکستان انتہائی نامساعد حالات سے گزر رہا ہے،ایک تہائی ملک سیلاب کی زد میں ہے، معاشی مسائل ہیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ایسے میں آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس اہم مسلے پر اپنا کردار ادا کرے اور تمام سیاسی نظریات کے ماننے والے رائے شماری کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوکر مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی سیاسی قیادت کے لیے یہ مرحلہ کسی آزمائش سے کم نہیں ہے،

اب یہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی کیونکہ شہداء کشمیر نے قربانیاں اسٹیٹس کو کو برقرار رکھنے کے لیے نہیں دیں، اب وقت آگیا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت، منتخب قیادت اور حریت کانفرنس کو آگے لایا جائے تاکہ وہ تنازعہ دکشمیر پر اپنا مقدمہ خود دنیا کے سامنے رکھ سکیں،اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کر کے عالمی قوتوں کویہ باور کراسکیں کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ دکی قراردادں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے ”رائے شماری“ کا حق چاہتے ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close