لاہور کے سینئر صحافیوں، اینکر پرسنز، میڈیا نمائندگان کا پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ، ڈائریکٹر جنرل راجہ اظہر اقبال نے بریفنگ دی

مظفرآباد(پی آئی ڈی) لاہور کے سینئر صحافیوں،اینکر پرسنز،الیکٹرانک،پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندگان کا پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد کا دورہ۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے صحافیوں کے وفد کو نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا ۔ وفد کی قیادت سینئر اینکر پرسن نصراللہ ملک نے کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹرز اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس اور محمد بشیر مرزا، پریس سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم آزادکشمیر سید خالد گردیزی، وزیراعظم آزادکشمیر کے میڈیا کوآرڈینیٹر یاسر عارف اور محکمہ اطلاعات کے آفیسران بھی موجود تھے ۔ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے وفد کو محکمہ اطلاعات کے پس منظر، سوشل و ڈیجیٹل میڈیا،پرنٹ، الیکٹرانک، ایڈورٹائزمنٹ، مانیٹرنگ و ڈیکلریشن سیکشن، ترقیاتی منصوبہ جات اورآزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے بارہ میں بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کے اقدامات کو عوام تک پہنچانے کیلئے پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل و سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر محکمہ اطلاعات بھرپور انداز میں کام کررہا ہے۔قومی میڈیا سے منسلک افراد آزادکشمیر میں ٹورازم پروموشن سمیت دیگر سیکٹرز میں کام کریں ، محکمہ اطلاعات بھرپور معاونت کریگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس صحافیوں کی فلاح و بہبود کی طرف خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بجٹ میں اشتہارات کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پہلی مرتبہ آزادکشمیر میں سوشل میڈیا کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر کی جانب سے تین کروڑ روپے دیے جارہے ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے کہاکہ پی آئی ڈی آزادکشمیر میں سینٹرلائزڈ نیوز سسٹم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ تمام اضلاع کی مانیٹرنگ کیلئے نیوزمانیٹرنگ کا موثر نظام قائم ہے۔ اخبارات کا ریکارڈ محفوظ کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبہ ڈیجیٹل آرکائیو کام کررہا ہے، اشتہارات کی تقسیم کو صاف و شفاف بنانے کیلئے شعبہ کو کمپیوٹرائزڈ اور آر او سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی نوعیت کا منفرد مثالی ادارہ آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کام کررہا ہے جس کے تحت آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں پریس فاؤنڈیشن کے ممبران کیلئے ہاؤسنگ کالونیاں بنائی جارہی ہیں جبکہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے منصوبے اورانکی مالی امدا د بھی پریس فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے کہاکہ مستقبل قریب میں ماڈرن میڈیا کمیونیکیشن پلان کے تحت صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی نصراللہ ملک نے کہاکہ آزادکشمیر میں محکمہ اطلاعات کی ترقی دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ،محدود وسائل کے باوجود آزادکشمیر میں اطلاعات کا شعبہ تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔پریس فاونڈیشن کے تحت آزادکشمیر میں صحافیوں کو جو مراعات دی جارہی ہیں وہ پنجاب جیسے بڑے صوبے میں موجود نہیں ، پنجاب کے محکمہ اطلاعات کو پریس فاونڈیشن جیسے مثالی ادارے کو فالو کرنا چاہیے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close