بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے موقع پر بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت میں کشمیریوں کے احتجاج کی تیاری جاری

نیو جرسی( پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھارت کے مکروہ عزائم کو بے نقاب کرنے کے لئے تارکین وطن کمر بستہ ہو جائیں کیونکہ ہم نے ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اُن کی آواز انٹرنیشنل کمیونٹی تک پہنچانی ہے جس طرح میں نے گزشتہ روز ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے کشمیری عوام کا موقف امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں جا کر پیش کیا ہے اور امریکہ کو باور کرایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام ایک سنگین صورتحال سے نبردآزما ہیں لہذا امریکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیو جرسی میں آفتاب شاہ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر استقبالیہ تقریب سے آفتاب شاہ، سردار امتیاز، چوہدری راشد، محمداخلاق، ڈاکٹر الیاس، مرزارشید اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ 24ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی یا بھارتی وزیر خارجہ جب خطاب کے لئے آئیں گے تو اس موقع پر کشمیری اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت کی جانب مبذول کرائیں گے۔ لہذا امریکہ بھر میں مقیم کشمیری تارکین وطن اس مظاہرے میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے بھارت کو یہ واضح پیغام دے دیں کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔ مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close