مظفر آباد میں عمران خان کا جلسہ عام نہ صرف تاریخی نہیں منفرد ہو گا، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے کارکنوں کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی

اسلام آباد (آئی اے اعوان) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا 29 ستمبر کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے یونیورسٹی گراونڈ میں جلسہ تاریخی ہی نہیں بلکہ منفرد حیثیت کا حامل ہوگا ،کارکن تیاریاں تیز کردیں، وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے کارکنوں کو ہدایت جاری کردیں ،وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر اور صدر تحریک انصاف آزادکشمیر تنویر الیاس خان نے سابق وزیر اعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مظفرآباد جلسے کے پروگرام کے حوالے سے کارکنوں کو ہدایات جاری کردیں۔

29 ستمبر کو دارالحکومت مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے تاریخی جلسہ عام میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے کونے کونے سے پارٹی کے کارکنان اور عمران خان کے چاہنے والے شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جلسہ عام نہ صرف تاریخی بلکہ منفرد حیثیت کا حامل ہو گا۔ عمران خان اس جلسہ عام میں تحریک انصاف کی کشمیر پالیسی کا ایک بار پھر اعادہ کریں گے۔ اپنے دور حکومت میں بحیثیت وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ میں جس طرح کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ کشمیری عوام عمران خان پر نہ صرف اعتماد کرتی ہے بلکہ ان کی قیادت پر انہیں غیر متزلزل یقین بھی ہے۔ آزاد کشمیر حکومت پاکستان کی سیاست سے دور ہے تاہم تحریک انصاف کے انقلابی پروگرام اور عمران خان کے ویژن اور جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جن خطوط پر تحریک انصاف کی بنیاد رکھی گئی تھی انہیں استوار کرنے اور منزل کی طرف چیئرمین کے شانہ بشانہ آگے بڑھنے کا وقت آ چکا ہے۔ کارکن اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے 29 ستمبر کے جلسہ عام کے لیے رابطہ مہم شروع کریں، جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ قائم کیے جائیں۔ پارٹی کارکنوں، جماعتی تنظیموں اور عہدیداروں کے نام اپنے پیغام میں تحریک انصاف آزا دکشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ 29 ستمبر کو یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

اس سے پہلے ان کا مظفرآباد پہنچنے پر شاندار اور والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے عوام کئی ماہ سے عمران خان کے دورہ آزاد کشمیر کے منتظر ہیں اور طویل انتظار کے بعد اس دورے اور جلسہ عام کاپروگرام جاری کیا گیا ہے۔ یہ خالصتاً تحریک انصاف کا پروگرام ہے جو تحریک انصاف آزاد کشمیر کی دعوت پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام نے گذ شتہ سال عام انتخابات میں تحریک انصاف کے انتخابی منشور اور چیئرمین عمران خان کے ایجنڈا پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہوئے تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا اور خطہ میں انصاف کے سنہری اصولوں کی بنیاد پر عوامی حکومت قائم ہوئی جو اپنے انتخابی منشور پر عمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کارکن 29 ستمبر کے پروگرام میں اپنی بھرپور شرکت یقینی بناتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں عوام رابطہ مہم شروع کریں اور ہر شہر میں 29 ستمبر کے جلسہ عام اور عمران خان کے استقبال کے حوالے سے استقبالیہ کیمپ قائم کریں۔ آگاہی مہم کی بھرپور کامیابی کے ذریعے ہی 29 ستمبر کے جلسہ عام کو تاریخی اور کامیاب بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے پارٹی کے تمام ونگز کو جلسہ عام میں شرکت یقینی بنانے اور عوام کے ساتھ رابطے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ جلسہ عام مقبوضہ کشمیر کے مجبور، محکوم اور بے بس عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حق خودارادیت اور آزاد ی کی جدوجہد میں وہ اکیلے نہیں ہیں، پوری پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر کے عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔دریں اثناؤزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ان کی رہا ئش گاہ پر ممبر قانون ساز اسمبلی/پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ اور ممبر اسمبلی عاصم شریف بٹ کی ملاقات ہوئی جس میں حکومتی امور اور سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ایوان کے اندر اور باہر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پوری قوت کے ساتھ دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close